دھتورہ ، چریوداتورو ، جوز ماثل ، تاتورہ ، گوزماثل

دھتوره  :

 لاطینی/ نباتاتی نام   DATURA STRAMONIUM LINN

(ہندی) دھتورہ ۔ (سندھی) چریودا تورو۔ (عربی) جوز ماثل ۔ (فارسی ) تاتورہ ۔ گوزماثل ۔ (انگریزی)DATURA , THORN APPLE  ۔



ایک خودرو خاردار پودا ہے جس کا پتہ مشابہ بیگن کے ہوتا ہے۔ پھولوں کی رنگت کے لحاظ سے سفید وسیاہ دوقسم کا ہوتا ہے۔

 محققین کے نزدیک رنگت کی تبدیلی افعال و خواص پر چنداں اثر پر نہیں ہوتی ۔ پھل اخروٹ سے بڑا ہوتا ہے اور اس پر باریک خار لگے ہوتے ہیں اور اس کے اندر چپٹے بیج بھرے ہوتے ہیں اس کے پتے اور تخم دواء مستعمل ہیں

رنگ: پھول اودا ، بیج بھورا یا سیاه

 ذائقه: تلخ

مزاج : سرد درجه چهارم خشک درجہ چهارم

مقدار خوراك: 1/8 رتی سے 1/2 رتی تک

مقام پیدائش: ہر جگہ سڑکوں کے کنارے اور گاؤں کے آس پاس

 مصلح: روغن زرد

 افعال و استعمال: بیرونی طور پر مسکن ومخدر ہے۔ دھتورے کو روغنوں میں مختلف طریقوں سے شامل کر کے وجع المفاصل ، نقرس، درد پہلو وغیرہ پر مالش کرتے ہیں۔ درد سر میں پیشانی پر ضماد کرتے ہیں ۔ پھوڑے پھنسیوں کو پھوڑنے کیلیے دھتورہ کے پتے کو تیل سے چیڑ کر گرم کر کے باندھتے ہیں۔ دمہ کے دورہ کو روکنے کے لیے پتوں کی دھونی منہ میں لیتے ہیں یا اس کو تمباکو کی بجاۓ چلم میں رکھ کر پلاتے ہیں۔

مناسب ادویہ کے ساتھ اس کے بتوں کو بشکل گولی ، دمہ ، نزلہ ، کھانسی، جریان سرعت انزال میں استعمال کرتے ہیں ۔اس کا جوہر موثرہ ہائیو سین ہے۔ اس کے علاوہ اس میں ہائیوسائمین اور اٹروپین کا جزو بھی پایا جاتا ہے۔ یہ ایک زہریلی چیز ہے۔ 1 گرام سے زیادہ قاتل ہے۔

اس کی زائد مقدار کھانے سے حلق خشک ، چہرہ سرخ حواس باطل ہو جاتے ہیں پتلیاں پھیل جاتی ہیں ، آواز بیٹھ جاتی ہے۔ اس حالت میں رائی کا سفوف 6 گرام پاؤ بھر پانی میں ملا کر قے کرائیں۔ اس کے بعد تخم پنبہ دانہ ( بنولہ ) کا شیرہ پلائیں۔ جسم سرد ہو تو بغلوں اور رانوں میں گرم بوتل رکھیں۔ اس کے ٹینکچر اور دیگر مرکبات بریٹش فارماکوپیا میں بھی درج ہیں ۔

حب الشفا اور جب سیکران اس کے مشہور یونانی مرکبات ہیں ۔

(سم قاتل)

 

 

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.