ورچھ ، بچ :
لاطینی/ نباتاتی نام ACORUS CALAMUS LINN
(عربی)
عود الوج ۔ وج ۔ (فارسی ) اگر ترکی ۔ (بنگلہ ) سفید بچ ۔ (تلیگو ) داسا ۔ (گجراتی)
دیکھنڈ ۔ (سندھی) کنی کاٹھی ۔ (انگریزی) سویٹ فلیگ روٹ SWEET FLAG ROOT ۔
ایک بوٹی کی
گرہ دار جڑ ہے۔ جس کی موٹائی ہاتھ کی درمیانی انگشت کے برابر ہوتی ہے۔ اس میں
نشاشتہ کی کثیر مقدار اور ٹے نین کی خفیف مقدار پائی جاتی ہے۔ اس کے پتے نرگس کے
ہم شکل ہوتے ہیں ۔ جن کو مل کر سونگھنے پر تیز بو آتی ہے۔ اس کی لمبی لمبی جڑیں
موسم خزاں میں اکٹھی کی جاتی ہیں پھر ان کو کاٹ کر خشک کر لیا جاتا ہے ۔
رنگ: سرخی
مائل سفید ۔
ذائقہ: تلخ
اور بوخراب ۔
مزاج : گرم درجہ ۲۔ خشک درجہ ۲۔
مقدار خوراک: ایک گرام سے ۳ گرام تک ۔
مقام پیدائش:
ہندوستان ، سیلون اور برما میں دلدل والے مرطوب مقامات اور پانی کے کنارے پیدا
ہوتی ہے ۔ منی پور اور ناگا پہاڑیوں میں جھیلوں کے کنارے بکثرت موجود ہے ۔
افعال و
استعمال: قاطع ومجفف بلغم ، کاسر ریاح ، منقی دماغ ، مدر بول و حیض ، ملطف ۔ جالی
اور مقوی باہ ہے ۔ رطو بات بلغمی سے دماغ کو پاک کرتی ہے اور فاسد مادوں کو زائل
کرتی ہے اس لیے نسیان ، خدر ، استرخا، لکنت زبان ، بدحواسی ، پاگل پن ، مرگی اور
فالج میں بکثرت استعمال کرتے ہیں ۔ وبائی امراض کے ایام میں جڑ کو چباتے رہنے سے
وبائی اثر نہیں ہوتا ۔
اسے شہد میں
ملا کر چٹانے سے بچہ بولنے پر جلدی قادر ہوجاتا ہے ۔ اس کو تھوڑی سی ملٹھی کے
ہمراہ بچوں کے بخار اور کھانسی اور قولنج میں بھی دیتے ہیں ۔ پٹھوں کو تقویت دیتی
ہے ۔ مقوی معدہ ہے، پرانی پیچش ، اسہال ، نفخ و قراقر کو دور کرتی ہے ۔اس کا
جوشاندہ خون حیض اور پیشاب کا ادرار کرتا ہے ۔ امراض چشم میں بطور
سرمہ مفید
ہے۔ ہر قسم کے حشرات الارض کے دفعیہ کے
لیے اس کا جوشاندہ یا جڑ کا سفوف باریک پیس کر زمین پر چھڑک دیتے ہیں۔ فتق پر اس کے ضماد سے فائدہ ہوتا ہے۔