بیر
لاطینی/ نباتاتی نام ZIZYPHUS VULGARIS
(عربی) پھل کونبق ۔ درخت کو سدرہ ۔ (فارسی) کنار۔ (بنگلہ ) گل پھل۔ (گجراتی ) بور۔ (تیلیگو ) ریگو پنڈو۔ (انگریزی) جو جوبی فروٹ
FRUIT JUJUBE
مشہور عام درخت کا پھل ہے ۔ باغی اورجنگلی دوقسم کا ہوتا ہے۔ باغی کو بیری (سدرہ ) اور جنگلی کوجھڑ بیری (ضیال) کہتے ہیں ۔
رنگ: سبز، سرخ ، زرد ۔
ذائقه: ترش وشیریں
مزاج: سردوخشک درجہ اول
افعال و استعمال: بطورمیوہ کھایا جا تا ہے۔ دیرہضم قلیل الغذا اور صالح الکیموس ہے۔ صفرا اورخون کے جوش کوتسکین دیتا ہے اور پیاس کو بجھا تا ہے۔ گرم مزاجوں کے لئیے نہایت موافق ہے۔ بیر کو بھون کر دست اور پیچش کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔ اس کے پوست کا برادہ خون کے سیلان کو بند کرتا ہے۔ پتوں کا لیپ ورم گرم کے لیے مفید ہے۔ پتوں کے جوشاندہ سے سر دھونا بالوں کوقوت بخشا ہے ۔ جھر بیری یعنی جنگلی بیری کی جڑ 12 گرام ، کالی مرچ 7 عدد پانی میں گھوٹ کر دن میں تین بار پلانا پیچش ومروڑ کا عمدہ علاج ہے۔