املتاس ، خیار شنبر ، چہکنی ، سونڈالی ، سورنگا

 أملتاس:

 

 لاطینی/ نباتاتی نام CASSIA FISTULA LINN  


 (عربی۔ فارسی) خیار شنبر ۔(سندھی) چہکنی ۔ (بنگالی) سونڈالی۔ (سنسکرت) سورنگا۔ (انگریزی) پر جنگ کیسا PURGING CASSIA ۔



 یہ درمیانے قد کا خوبصورت درخت ہوتا ہے اورسنہری جھلک کے باعث اس کو سنسکرت میں سورن بھوشن کہا جا تا ہے۔اس درخت کو ایک سے دوفٹ لمبی پھلیاں لگتی ہیں ۔ کچی پھلیوں کا رنگ سبز ہوتا ہے۔لیکن پکنے پر سیاہی مائل سرخ ہو جاتی ہیں۔ان پھلیوں کے پختہ ہونے پراندر سے پیسہ کے برابر پردے نکلتے ہیں جن کے دونوں طرف سیاہ گودا ہوتا ہے یہ پردے اپنی سیاہ رطوبت کے سمیت مغز املتاس یا مغزفلوس خیارشنبر کے نام سے مشہور ہیں۔ بوقت ضرورت پھلی میں سے گودا نکال کر کام میں لانا چاہئے ۔ زیادہ عرصہ تک رکھنے سے خراب ہو جا تا ہے۔ املتاس کی پھلی کے بیرونی چھلکے  کو پوست املتاس کہتے ہیں ۔اس کا مغزیعنی گودا اور پھلی کا بیرونی چھلکا ہی بطور دواستعمل ہیں ۔


رنگ: گوداسیاه بد بودار، بیج سفید بغیر بو کے، پھول زرد 


ذائقه: شیریں لیکن بدمزہ اور بد بودار۔


  مزاج: گرم تر بدرجہ اول بعض معتدل کہتے ہیں


 مقدار خوراك: 24 گرام سے 48 گرم تک 


مقام پیدائش: یہ درخت کوه ہمالیہ میں تین ہزارفٹ کی بلندی تک پیدا ہوتا ہے۔ کانگڑہ سے پنجاب کی منڈیوں میں آتا ہے ۔مشرقی پاکستان یو پی اور پنجاب کے باغات میں بھی پایا جا تا ہے ،


مصلح: مصطگی، انیسوں روغنیات


 افعال و استعمال: محلل اوام ،مسہل ،مد رحیض اور معجل ولادت ہے۔ اس کے پتوں کو بطور ساگ پکا کر کھاتے ہیں ۔سنتھال لوگ اس کے پھول بھی پکا کر کھاتے ہیں ۔ یہ دونوں قبض کشا تاثیر رکھتے ہیں ۔ گرم اوام کو تحلیل کرتا ہے۔ مسہل قوی ہے مگر نہایت آسان یہاں تک کہ حاملہ عورتوں کو بھی اس کا جلاب ادینا جائز ہے۔ مادہ کو با آسانی بذریعہ اسہال خارج کرتا ہے ۔گودہ املتاس کو تنہا دینے سے پیٹ میں مروڑ پیدا ہوتا ہے ۔اس لئے اس کو روغن بادام یا شیرہ با دام ملاکردیتے ہیں۔

اس سے لعوق سپستان خیار شنبری تیار کیا جا تا ہے جو اخراج بلغم کے لئے مستعمل ہے۔ ' ورم حلق اور خناق میں پوست املتاس 36 گرام ۔ دودھ گاؤ 250 ملی لیٹر میں جوش دے کر صاف کرکے غرغرے کراتے ہیں۔ پتے ورموں کو تحلیل کر تے ہیں ۔ جوش دینے سے اس کا اثر باطل ہو جاتا ہے۔ زعفران اور گلاب کے ہمراہ پوست املتاس کا جوشاندہ عسر ولادت اور اخراج مشیمہ میں مفید ہے۔ اسکا پوست لے کر ضماد کر نا داد کے لئے فائدہ مند ہے۔ اس کے پھولوں کی گلقند دافع بخار بیان کی جاتی ہے۔ 


کیمیائی تجزیہ: پتہ چلا ہے کہ املتاس کے گودا میں حسب ذیل اجزا موجود ہیں ۔ کیتھارٹک ایسڈ ،  پیک ٹین،  گلوٹین۔ املتاس قبض ،   ذیابیطس اور ہیموگلوبین کی ٹوٹ پھوٹ کے عارضے میں مبتلا لوگوں کے علاج کے لیے مفید ہے۔


Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.