بسکھپرا ، حند قوتی ، واہو ، سانٹھ ، پزنواہ ، سانوری ، شوبھاگنی ، شودھنی ، اٹ سٹ ، دیو اسپست

 بسکھپرا 

لاطین نباتاتی نام  TRIANTHEMA PORTULACASTRUM LINN

 (عربی) حند قوتی ۔ (سندھی) وا ہو ۔ (ہندی) سانٹھ ۔ پزنواہ ۔ ( بار بار پیدا ہونے والی ) (بنگلہ) سانوری ۔ (سنسکرت) شو بھاگنی ۔ شودھنی ۔ (ورم مٹانے والی ) ۔ ( پنجابی ) اٹ سٹ ۔ (فارسی) دیواسپست (انگریزی) ہاگ ویڈ ۔ SPREADING HOG VEED



 مشہور گھاس ہے۔ اس کی بیلیں زمین پر پھیلی ہوئی ہوتی ہیں ۔ پتے بیضوی اٹھنی کے برابر بغیر دندانوں کے ہوتے ہیں ۔ جڑ اس کی سفید اور موٹی ہوتی ہے۔ پھولوں کی رنگت کے لحاظ سے سرخ وسفید دوقسم کی ہوتی ہے۔ سفید پھول والی دواء مستعمل ہے ۔ شاخوں کی گانٹھوں پر ابھارمثل گھنڈی ہوتے ہیں ۔ جن میں سیاہ تخم ہوتے ہیں ۔ اس کے ایلکلائڈ قسم کے جز وموثرہ کو پرناوین کہتے ہیں ۔ اس میں پوٹاشیم نائٹریٹ اور دوسرے پوٹاسیم نمکیات بھی کثیر تعداد میں پاۓ جاتے ہیں ۔۔

رنگ: جڑ سفید اور موٹی ، پھول سرخ یا سفید ۔ پتے اوپر سے سبز اور نیچے سے سفید 

ذائقہ: سرخ پھول والی تلخ اور سفید پھول والی چر پرہ

 مزاج : گرم درجہ ۱  ۔ خشک درجہ ۲ ۔

 مقدار خوراک: پانی 6 ملی لیٹر تا 9  ملی لیٹر۔ جڑ 3 سے 5 گرام تخم 2 سے 3 گرام 

مقام پیدائش: موسم برسات اور چیت بیسا کھ میں نمدار مقامات پر بکثرت پیدا ہوتی ہے ۔۔

افعال و استعمال: مدربول وحیض ، محلل اورام ، منفث بلغم ، دافع تپ ۔ تازہ بسکھپرے کا پانی نکال کر استسقا، یرقان اور بندش بول میں استعمال کراتے ہیں ۔ درد و بندش حیض میں اس کا مروق پانی بمقدار 40 ملی لیٹر ہر چوتھے گھنٹے پلاتے ہیں ۔ پرسوت کے بخار بوجہ احتباس  نفاس میں بھی مفید ہے۔ دق اطفال یعنی مرض سوکھا میں بسکھپرے کی جڑ ذرسی گھس کر ایک سیاہ مرچ ڈال کر صبح وشام ایک ہفتہ روزانہ چٹانے سے بچے کواس مرض سے نجات مل جاتی ہے۔ نیز بیخ بسکھپرہ کو کھانسی، دمہ اور بلغمی بخاروں میں کھلاتے ہیں ۔اس کو باریک پیس کر نزلہ وزکام میں بطورنسوار استعمال کرتے ہیں ۔استسقاء کے مریضوں کو تازہ پتوں کی بھجیا پکا کر چپاتی کے ساتھ کھلانا مفید ہے۔ بعض اطباء استسقاء میں تازہ سبز پتوں کا پانی 12ملی لیٹر روزانہ پلاتے ہیں اور غذا بغیر نمک اور روغن کھلاتے ہیں۔۔

 تخم بسکھپرہ کومقوی باہ معجونات میں شامل کرتے ہیں۔انہی بیجوں کوتخم اسپست بھی کہتے ہیں۔ صاحب کنز الحکماء لکھتے ہیں کہ مریض رعشہ کے جسم پر بسکھپرہ کا ضماد کیا جائے تو نفع بخشتا  ہے۔


Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.