ایلوا :
لاطینی/ نباتاتی نام ALOE BARBADENSIS MILL
( پنجابی) مصبر ۔ (عربی) صِبر ۔ (مرہٹی ) کالا بول ۔ ( گجراتی) ایلیو۔ (بنگالی) گھرت کماری ۔ مصبر۔ (ہندی) ایلیوا ۔ (سنسکرت) اے لیکہ ، (سندھی) ایریو ، ( فارسی) صِبر (انگریزی) ایلوز ALOES ۔
ایک قسم کا عصارہ ہے۔ نبات گھیکوار کے پتوں کو جڑ کے قریب آڑے پن میں کاٹنے سے جورس نکلتا ہے اسے خشک کر لیتے ہیں ۔ اس کا پودا کئی قسم کا ہوتا ہے۔ جوایلوا جزیرہ سقوطرہ اور زنجبار سے آ تا ہے وہ صِبر سقوطری کہلا تا ہے اور جو جزائرعرب الہند کی پیداوار ہے اس کوصبر بربری کہتے ہیں ۔ یونانی اطباء صبر سقوطری کوترجیح دیتے ہیں کیونکہ اس کی بوایسی ناگوار نہیں ہوتی جیسی کہ صِبر بربری کی ہوتی ہے۔
اس کے رنگ ، بو ، مزہ وغیرہ سے اس کی شناخت ہوتی ہے۔ اس میں ایک تلخ جوہر جس کو ایلواین (صبرین) کہتے ہیں ہوتا ہے
رنگ: تقریبا سیاہ ۔اس کی ڈلیاں چکنی اور شیشہ کی مانند شفاف ہوتی ہیں ۔ صبر سقوطری کا سفوف سرخی مائل بھورے رنگ کا ہوتا ہے جب کہ صبر بربری کا گہرا سبزی مائل زرد رنگ کا بنتا ہے ۔۔
ذائقہ: سخت کڑوا اور جی متلانے والا
مزاج: گرم خشک بدرجه دوم مرکب القوی
مقدار خوراك: 125 ملی گرام سے 500 ملی گرام
مقام پیدائش: سندھ ، کاٹھیا واڑ ، میسور ، جزائر عرب الہند ، ایبی سینیا، جزیرہ سقوطری ۔
مصلح: کیترا وگل سرخ
بدل: تربد
افعال و استعمال: ملین ، مسہل ، مقوی معدہ وجگر ، قاتل کرم مدرحیض ہے۔ ریاح کوتحلیل کرتا ہے اورسدہ کھولتا ہے۔ اشق ، رسوت، اقاقیا ،سرکہ اورافیون میں حل کر کے استعمال کر نا ورم طحال کو نافع ہے ۔ مسہل قوی ہے ہر خلط کا اور معدہ کو اخلاط فاسدہ سے پاک کرتا ہے ۔ بصارت کو تقویت دیتا ہے۔ چنونوں کے لیے پانی یا روغن میں ملا کر مقعد میں لگاتے ہیں ۔
کیمیائی تجزیه: ایلوا میں ایلوین ، موڈین ، ریزن پاۓ جاتے ہیں۔
حب ایارج ، حب شبیار ،حب صبر ،حب تنکاراس کے مشہور مرکبات ہیں ۔ (غیرسمی )