ایشرمول:
لاطینی/ نباتاتی نام ARISTOLOCHIA INDICA LINN
(عربی) ذراوند ۔ ( ہندی) ایشورمول ۔ ( گجراتی ) ارک مول ۔ (مرہٹی ) ایشوری ۔ (سنسکرت) ادرجتا ۔ (انگریزی) انڈین برتھ ورٹ BIRTHWORT INDIAN ۔
یہ جھاڑی کی شکل کا پودا ہے ۔ جس کی شاخیں بل کھاتے ہوۓ زمین پر بچھی ہوتی ہیں ۔ اس کا پھول سبزی مائل سفید ہوتا ہے اور اس کا کنارہ سرخی مائل ہوتا ہے ۔ اور اس کے بیج چپٹے اور تکون شکل کے پردار ہوتے ہیں۔
رنگ: جڑ بھوری زردی مائل ۔ بو خوشگوارمثل کافور کے
ذائقه: تلخ ۔
مزاج: سرد
مقام پیدائش: یہ پودا نیپال سے لے کر چانگام ( بنگلہ دیش) کی نشیب زمینوں میں پایا جا تا ہے اور دکن کے جنوب میں بھی ملتا ہے۔
افعال و استعمال: احاطہ مدراس میں اس بوٹی کے پتوں کا رس مارگزیدہ کے تریاق کے طور پر استعمال کیا جا تا ہے۔ آجکل کے وئید اس کی جڑ بطور محرک و مقوی ،امراض دل وسینہ میں استعمال کر رہے ہیں ۔ ہیضہ کے علاج میں بھی اس کا استعمال اندرونی طور پر جوشاندہ اور خارجی طور پر معدہ پر بطور ضماد کیا جا تا ہے۔
کیمیائی تجزیہ: اس کا جزو اعظم ایک فراری تیل ہے جس پر اس کی خاص قسم کی بو اور ذائقہ کا انحصار ہے۔ علاوہ ازیں اس میں ایک کھاری جوہر ارسٹولوکین ،ارسٹین بھی پایا جا تا ہے۔