بلادر ، حب الفہم ، حب القلب ، بھلانواں ، بھیلا ، بھیلوا ، بیبا ، بھلاماں ، بھلاتک ،

 بلادر 

 لاطینی/ نباتاتی نام  SEMICARPUS ANACARDIUM LINN 

 (فارسی) بلادر ۔ (عربی) حب الفہم ۔ حب القلب ۔ (ہندی) بھلانواں ۔ (بنگلہ) بھیلا یا بھیلوا۔ (مرہٹی) بیبا ۔ (گجراتی) بھلاماں  ۔ (سنسکرت) بھلاتک ۔ (انگریزی) مارکنگ نٹس MARKING NUTS



ایک پہاڑی درخت کا پھل ہے جو کہ بیر سے چھوٹا ہوتا ہے۔ اس کے سر پر ایک ٹوپی سی لگی ہوتی ہے جس کوکلاہ بلادر کہتے ہیں ۔ بلادرکودبانے سے شہد کی مانند سیاہ رنگ کی گاڑھی رطوبت نکلتی ہے جس کو عسل بلادر کہتے ہیں ۔ یہ پھل کسی قدرگول اور چپٹا سا پرندے کے دل کی وضع کا ہوتا ہے اس لیے اس کو عربی میں حب القلب کہتے ہیں ۔

 رنگ: سیاہ

 ذائقہ: تلخ

 مزاج: عسل بلادر گرم و خشک بدرجہ چہارم ۔ مغز گرم و خشک ا۔

 مقدار خوراك: مغز بلادر 125 ملی گرام سے 250 ملی گرام ۔ عسل بلادر نصف چاول سے ایک چاول مکھن ملا کر 

مقام پیدائش: یہ درخت ستلج سے سکم تک ہمالیہ کی ترائی اور کئی پہاڑی علاقوں بالخصوص مشرقی پاکستان میں پاۓ جاتے ہیں ۔

مصلح: روغن کنجد

 افعال و استعمال : عسل بلادر مقرح ، مسخن ، محلل اورمقوی اعصاب ہے۔ مغز بلادر مقوی باہ اور دافع امراض بلغمی ہے۔اندرونی طور پرمغز بلادراور عسل بلادر نامردی اور امراض بلغمیہ ،عصبانیہ، خنازیر،مرگی رعشہ وغیرہ کے لیے معجونات میں شامل کیا جا تا ہے لیکن اس کا استعمال خالی از مضرت نہیں ۔ بعض امزجہ میں اس سے گرمی زیادہ ہو جاتی ہے یا فسادخون کے امراض لاحق ہو جاتے ہیں ۔اطباۓ حاذقین نے اس کے نقصانات سے بچے کے لیے کئی طریقے ایجاد کئے ہیں منجملہ ان کے یہ ہے کہ کچے آموں میں بھلانوہ ڈال کر باندھ دیتے ہیں اور پھر شہد کے مرتبان میں ڈال کر کھاد (روڑی) میں چھ ماہ بند ر کھتے ہیں ۔اس کے بعد سوکھی ہوئی اشیاء نکال کر پیس لیتے ہیں ۔ اس کی مقدار خوراک 24 گھنٹے میں ۳ یا ۴ گرام تک ہونی چاہئے ۔ دوسرا یہ ہے کہ زمین میں بلادر کی کھاد ڈال کر اس میں میتھی بو دیتے ہیں اور میتھی کا ساگ موسم سرما میں گوشت کے ساتھ پکا کر کھاتے ہیں ۔ اس طرح طاقت اور جوانی عود کر آتی ہے۔ گوا کے علاقے میں بلادر کو چھاچھ میں مدبر کر کے دمہ کے لیے استعمال کرتے ہیں ۔ عسل بلادر مقرح ہونے کی وجہ سے مکھن یا گھی میں ملا کر مسے، داد، برص وغیرہ امراض جلد یہ پر طلاءََ استعال کرتے ہیں ۔ بلادر بخوراََ مجفف بواسیر ہے۔ یعنی اس کی دھونی دینے سے بواسیری مسے خشک ہو کر گر جاتے ہیں لیکن یاد رہے کہ اس کے دھوئیں سے تمام جسم ورم کر آ تا ہے اورسخت خارش ہوتی ہے ۔ عسل بلادر چونے کا پانی (لائم واٹر) ملا کر سوتی کپڑوں پر پکا نشان لگانے کے کام لایا جاتا ہے۔

(قریب بسم)


Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.