لاطینی/ نباتاتی نام CASUARINA EQULSETIFOLIA
(عربی) طرفا۔ (فارسی ) گز ۔ ( بنگلہ ) جھاؤ گاچھ ۔ (سنسکرت ) جھاؤک (سندھی) لئی جوون ۔ ( پنجابی) پلیچھی ۔ (انگریزی) TAMARIX TREE
ایک جھاڑ دار بے ڈھنگا درخت ہے ۔ اس کی لکڑی گرہ دار نہایت مضبوط ہوتی ہے ۔ پتے مثل برگ سرو کے۔ یہ درخت فراش سے چھوٹا ہوتا ہے۔ یہ درخت مازو کے خاندان سے تعلق رکھتا ہے۔اس کے پھل کو مائیں کلاں کہتے ہیں ۔اس کی ٹہنیوں کی لکڑی سرخی مائل اور ہموار ہوتی ہے اور اس پر سفید سفید داغ ہوتے ہیں ۔ پنجاب میں اس کی شاخوں سے ٹوکریاں بنائی جاتی ہیں ۔اس کو سفید یا گلابی رنگ کے پھول لگتے ہیں ۔اس کی ایک اور بھی قسم ہوتی ہے جس کو لال جھاؤ کہتے ہیں ۔ کیونکہ اس کو سرخ
رنگ کے پھول لگتے ہیں ۔
رنگ: سبز سرخی مائل ۔
ذائقه: تلخ
مزاج : سرد درجہ اول خشک درجہ دوم
مقدار خوراك: 5 گرام سے 7 گرام تک
مقام پیدائش: ہند و پاکستان میں ہر جگہ خصوصاََ دریاؤں کے کنارے پایا جاتا ہے۔ ایران اور افغانستان میں بکثرت پیدا ہوتا ہے ۔
افعال و استعمال: قابض ،مجفف محلل اور مسکن درد ہے ۔ مادہ کو پختہ کرتا ہے اور ورم ریاح کوتحلیل کرتا ہے۔ چیچک کے زخموں اور بواسیری مسوں کو خشک کرنے کے لیے اس کے پتوں کی دھونی دیتے ہیں اور اس کی جڑ اور پتوں کے جوشاندہ میں خروج المقعد کے مریض کو بٹھاتے ہیں ۔ جھاؤ کی لکڑی کے برتن میں پینا بالخاصہ ورم طحال کو مفید ہے۔(غیرسمی )