خطمی ، ریشہ خطمی ، ڈکسونچل ، بیخ خطمی

خطمی  :

 

لاطینی/ نباتاتی نام ALTHOEA OFFICINALIS LINN

 (فارسی ) ریشہ خطمی ۔ ( کاغانی ) ڈکسونچل ۔(عربی) بیخ خطمی ۔ (ہندی) ریشہ خطمی ۔ (انگریزی) MARSHMALLOW ۔




 یہ ایک سدا بہار روئیں دار بھنڈی جیسا پودا ہے لیکن اس سے اونچا ہوتا ہے۔ پتے بڑے بڑے ، بیضوی شکل کے دندانہ داراور کھردرے، بھنڈی کے پتوں جیسے، پھول خوش نما اور بے بو گچھوں میں نکلتے ہیں اور ان کو گل خیرا کہتے ہیں اور اس کی جڑ قدرے مخروطی شکل کی ، ریشہ دار اور لعاب دار ہوتی ہے ۔ اس پر لمبائی میں گہری جھریاں پڑی ہوتی ہیں اور اس پر چھوٹے چھوٹے گول داغ ہوتے ہیں اس کو ریشہ خطمی کہتے ہیں ۔ دواءََ اس کی جڑ تخم اور پھول مستعمل ہیں ۔

 رنگ: سیاہ ، جڑ سفید اور پھول سفید و سرخ

ذائقہ: پھیکا۔ پھول قدرے تلخ ، جڑ پھیکی لعابدار

مزاج : گرم با اعتدال

مقدار خوراك: 6 گرام سے 7 گرام

مقام پیدائش: کشمیر، اپر ہزارہ ، علاقہ متصل کشمیر ، مالاکنڈ ، خیبراور کرم ایجنسی نیز میدانی علاقہ کے باغات میں بویا جاتا ہے ۔

افعال و استعمال: خطمی کے تخم اور پتے رادع  ، محلل اور مسکن تاثیر رکھتے ہیں ۔ جڑ آنتوں پر مزلق مسکن تاثیر رکھتی  ہے۔ نزلہ وزکام اور سرفہ حار میں اس کے تخموں کا جوشاندہ  بنا کر پلاتے ہیں ۔ سوزش بول ، پیچش اور اسہال صفراوی میں اس کی جڑ کا پانی میں لعاب نکال کر دیتے ہیں ۔

 رادع اور محلل ہونے کی وجہ سے عرق النساء،  وجع مفاصل ، ذات الجنب اور ذات الریہ میں اس کے تخموں کو دوسری مناسب ادویہ کے ساتھ قیروطی بنا کر مالش کرتے ہیں ۔ ورم تحلیل کرتی ہے۔ مادہ کو پکاتی ہے۔ درد کو تسکین دیتی ہے  ۔  طبیعت کو نرم کرتی ہے ۔

جڑ کا کیمیائی تجزیہ کرنے پر اس میں ۳۵ فیصد مادہ لعابیہ ، ۳۵ فیصد نشاسته ، پیکٹن شوگر اور ایک یا دو فیصد ایلیتھن (جوہرخطمی ) پائے گئے ۔۔

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.