لاطینی/ نباتاتی نام RHEUM EMODI WALL
(عربی) راوند (فارسی ) بیخ ریباس ۔ ( کاغانی ) چٹیال ( بنگلہ ) ریون چینی ۔
(ہندی ) رۓ وت چینی (انگریزی) RHUBARB ROOT ۔
یہ ریباس کی جڑ ہے۔ منہ میں چبانے سے تھوک زرد ہو جا تا ہے ۔ جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ اس کا جزو موثرہ کرائی سوفینک ایسڈ ہے۔
ریوند ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ چین میں بہت زیادہ مقدار میں پیدا ہوتی ہے اور ریوند چینی ہی عمدہ خیال کی جاتی ہے لیکن بازار میں ریوند چینی کے نام سے جوملتی ہے وہ ریوند دواب یعنی چوپاؤں کی ریوند ہے ، اس کو چوپاۓ زیادہ کھاتے ہیں ۔
اصل ریوند چینی بازار میں ریوند خطائی کے نام سے مل سکتی ہے اس کا سفوف زرد اور چمکدار ہوتا ہے۔ یہ ختا ( چین ) سے آتی ہے اور مہنگی بکتی ہے اور دوسری ریوند کا سفوف خاکستری زرد رنگ کا بنتا ہے۔ ہند و پاکستان کی ریوند ادنی درجہ کی ہوتی ہے اس لیے چینی مال کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔
رنگ: زرد وسرخی مائل ۔
ذائقه: تیز و بدمزه ۔
مزاج : مركب القوی ۔ کیونکہ دست لاتی ہے اور بعدازاں قبض بھی پیدا کرتی ہے ۔
مقدار خوراک: ڈیڑھ گرام تا دو گرام ۔
مقام پیدائش: ڈلہوزی ، شملہ ، نینی تال ، مسوری ، دھرم ساله ، ( کانگڑه) میں چھ ہزار فٹ سے لے کر دس ہزار فٹ کی بلندی تک پائی جاتی ہے ۔
افعال و استعمال: مقوی ومحرک جگر ہے۔ بخار بوجہ خرابی جگر میں قلمی شورہ ، نوشادر وغیرہ کے ہمراہ کھلاتے ہیں۔ پیشاب اور حیض جاری کرتی ہے اور سدہ کھولتی ہے ۔ آنتوں کو فضلات ردی سے پاک کرتی ہے ۔ ریاح کو تحلیل کرتی ہے یہ جگر کے ساتھ خصوصیت رکھتی ہے اور پرانے بخاروں کو نفع دیتی ہے۔ میلے زخموں پر ریوند چینی گھس کر ذرا سا دیسی صابن ملا کر پھایا لگاتے ہیں اس سے مواد صاف ہو کر زخم مندمل ہو جا تا ہے ۔
آسام کے باشندے اس کا استعمال زیادہ تر خوراک کے طور پر کرتے ہیں۔