ککروندہ ، کمافیطوس ، جنگلی کاسنی ، ککڑ چھدی ، ککر متا

ککرونده  :

 لاطینی نباتاتی نام   BLUMEA LACERA DC

(ہندی) ککرونده ۔ (عربی) کمافیطوس ۔ (دکن ) جنگلی کاسنی ۔ ( پنجابی) ککڑ چھدی ۔ (بنگلہ) ککرمتا ۔ (انگریزی) ڈاگ بش DOG BUSH - ۔

 



ایک قسم کی بد بودار بوٹی ہے جس کے پتے دبیز روئیں دار کاسنی کے پتوں سے مشابہ ہوتے ہیں۔ یہ پودا  روؤں کے سبب سبزی مائل سفید نظر آتا ہے۔ پودے کی لمبائی تین یا چار بالشت ہوتی ہے۔اس کو پیلے رنگ کے پھول ماہ فروری میں لگتے ہیں ۔ پھول کھلنے کے بعد ان میں روئی کے سے باریک ریشے پاۓ جاتے ہیں۔ اس گروہ کے سب پودوں میں کافور کا جز پایا جاتا ہے۔

 رنگ: پتے سبز روئیں دار ۔ بیچ باریک اور سیاہ

ذائقه: تلخ ۔

مزاج: گرم و خشک بدرجہ دوم ۔

مقدار خوراک: پتوں کا پانی 12 ملی لیٹر ۔

مقام پیدائش: قبرستانوں اور کھنڈرات اور ایکھ کے کھیتوں میں ہر جگہ سردی کے موسم میں ملتی ہے ْ۔

افعال و استعمال: آشوب چشم میں اس کے تازہ پتوں کا پانی نچوڑ کر آنکھ میں بار بار ٹپکاتے ہیں ۔ اس کے رس میں روئی بھگو کر بچے کے مقعد کے اندر رکھنے سے  چرنے ہلاک ہوجاتے ہیں ۔ بواسیر خونی و بادی کے لیے خوردنی طور پر مستعمل ہے ۔ اس کے پتوں کے پانی کو پکا کر غلیظ کر لیتے ہیں اور اس میں مرچ سیاہ وغیرہ ملاکر گولیاں بنا کر کھلاتے ہیں ۔ چار ماشہ کالی مرچوں کے ساتھ ایک پودا مع بیخ پیس چھان کر پینا بادی وخونی بواسیر کو نافع ہے۔ اس کے پتے گھی سے چپڑ کر پھوڑے پر باندھنے سے بدوں پکانے کے اس کو اچھا کرتے ہیں ۔

 کیمیائی تجزیہ : اس میں ایک اڑنے والا تیل اور کافور ہوتا ہے۔

 

 

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.