گڑمار ، میش سرنگی ، میرسنگی ، شرو

گڑمار  :

 لاطینی نباتاتی نام   GYMNEMA SYLVESTRE

(سنسکرت ) میش سرنگی ۔ (ہندی و بنگالی) میراسنگی ۔ (تامل) شرو ۔ (انگریزی) سویٹ فروٹ SWEET FRUIT  ۔


جنگلی گولر ، تھوہراور خاردار درختوں پر اس کی بیل پھیلتی ہے۔ پتے دبیز چپٹے، برگ پیلو کے مشابہ درمیان میں جڑ سے نوک تک ایک سفید لکیر نمایاں ہوتی ہے۔  چار انگشت لمبی پھلیاں  لگتی ہیں جن میں کپاس کی شکل سفید ریشہ سا بھرا ہوتا ہے۔ اس پر پھول نہیں آتا ۔ اگر اس کے پتوں کو چبا کر گڑ یا کوئی اور شیرینی کھائیں تو مزہ محسوس نہ ہوگا ۔ اس لیے اس کوگڑمار کہتے ہیں ۔

رنگ: بھورا سطح کھردری ۔

ذائقہ پھیکا کسی قدر تلخ ۔

مزاج : گرم و خشک بدرجہ دوم ۔

مقام پیدائش: جنوبی اور وسط ہندوستان ، دکن ، راجپوتانہ ، بھوپال اور گوالیار کے سنگلاخ علاقوں میں بکثرت پائی جاتی ہے ۔

افعال و استعمال: بیاض چشم ( پھولا ) کاٹنے کے لیے گڑ مار کے پتے کا رس آنکھ میں ٹپکاتے ہیں ۔ منشیات اور سمیات کو قاطع ہے۔ چنانچہ 12 گرام گڑ مار کے پتے چبا کر نگل جانے سے شراب کا نشہ اور افیون کی سمیت زائل ہو جاتی ہے ۔ گڑمار کی جڑ میں بھی دافع زہر خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ مارگزیدہ کو گڑمار کی جڑ کا جوشاندہ تھوڑے تھوڑے وقفہ سے پلاتے ہیں اور جڑ کا سفوف مارگزیدہ کے زخم پر چھڑکا جاتا ہے۔ ذیاہ بیطس شکری میں اس کو مغز سوختہ جامن اور زنجبیل وغیرہ کے ہمراہ دیا جاتا ہے ۔

کرنل آر۔ این چوپڑا  نے اس سے جمینک ایسڈ نامی ایک تیزاب علیحدہ کیا اور گڑ مار کی پتیوں کے سفوف اور اس کے ایسڈ سے مریضان ذیاہ بیطس پر تجربے کے لیکن تسلی بخش نتائج حاصل نہ ہوۓ ۔  برخلاف اس کے مہاسکر کا دعوی ہے کہ اس کی پتیوں کا سفوف ۳۰ سے ۶۰ گرین یومیہ متواتر تین چار ماہ تک استعمال کرنے سے کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ آیورویدک کی مستند کتاب سشرت نے اسے قاطع شکر بول لکھا ہے اور اس کی جڑ کو تریاق مارگزیدہ بتایا ہے ۔

ہومیو پیتھک طریقے پر تیار شدہ پوٹینسیاں بھی مفید ثابت ہوئی ہیں ۔ اور اس کے ٹینکچر کو ایک ایکس سے ۳ ایکس طاقت تک استعمال کرسکتے ہیں ۔ اس کی ترکیب حسب ذیل ہے۔  دوا کی پتیاں (سبز یا خشک ) جوکوب کر کے ایک بوتل میں ڈال دیں ۔ پھر اس پر اس کے وزن کی 5 گنا ریکٹی فائیڈ سپرٹ ڈال کر بوتل کو مضبوط کارک لگا کر محفوظ جگہ رکھ دیں اور ۵ روز تک دو مرتبہ روزانہ ہلاتے  رہیں ۔ ۱۵ یوم کے بعد فلٹر کرلیں ٹینکچر تیار ہے۔ اس ٹینکچر کی ایک بوند ۹ بوند سپرٹ ریکٹی فائڈ میں ملا کر دس مرتبہ جھٹکے دینے سے ایک ایکس کی طاقت تیار ہو جاتی ہے ۔۔ اسی طرح ایک ایکس سے دو اور دو سے تین ایکس طاقت کی دوا تیار کرسکتے ہیں۔

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.