کدو ، قرح ، کدوئے دراز ، کمرا ، لمبا کدو ، لوکی گیا

کدو  :

 لاطینی نباتاتی نام LEGENARIA VULGARIS




(عربی) قرح ۔ (فارسی ) کدوئے دراز ۔ ( بنگالی ) کمرا۔ (اردو ) لمبا کدو لوکی گیا ۔ (انگریزی) وائٹ گورڈ WHITE GOURD -

 مشہور عام ہے ۔ بہتر وہ ہے جو سفید نازک تازہ اور شیریں ہو ، جس میں ریشے نہ ہوں اور نہ بہت بڑا ہواور نہ بہت چھوٹا بلکہ متوسط ہو ۔

رنگ: باہر سے سبز اندر سے سفید ۔

ذائقه: پھیکا ۔

مزاج: سر۲ ، تر ۲۔

مقدارخوراك: بقدر ضرورت بیج  ۳ گرام سے ۵ گرام تک ۔

مقام پیدائش: ہر جگہ پایا جاتا ہے۔

افعال و استعمال: مبرد ، مرطب ، مسکن ، مدر بول ، ملین طبع اور مولد رطوبات ہے۔ اس کو تنہا یا گوشت یا دال کے ہمراہ پکا کر کھایا جاتا ہے۔ صفراوی اور دموی مزاج اشخاص کے لیے اچھی غذا ہے ۔ صالح خلط پیدا کرتا ہے ۔ قلیل الغذا ہے۔

اعضا کو مرطوب کرتا ہے۔ تپ دق کے لیے اس سے بہتر کوئی غذا نہیں ۔ ڈاکٹرسی ڈی مہتہ ( بنگال سنی ٹوریم ) کی تحقیقات کے مطابق جولوگ کدو کثرت سے کھاتے ہیں ان کے جسم میں ایسی قوت مدافعت پیدا ہوجاتی ہے کہ سل سے محفوظ رہتے ہیں ۔ مرض سرسام اور جنون میں اس کا گودا سر منڈا کر تالو پر رکھتے ہیں ۔ روغن کدو دماغ کی خشکی کو دور کرتا ہے اور نیند لاتا ہے۔ اس کے بیجوں کا شیرہ بھی مذکورہ بالا فوائد رکھتا ہے۔ ان کا روغن بھی نکالا جاتا ہے جو روغن کدو کے نام سے مشہور ہے یہ تیل تر طیب بدن اور پیوست دماغ و سہر کو رفع کے لیے ملا جاتا ہے۔

بوقت ضرورت کدو کا تیل اس طرح بھی تیار کرتے ہیں کہ کدو کے گودے کو نچوڑ کر اس کا پانی ہم وزن روغن کنجد کے ساتھ جوش دیگر جب پانی جل جائے تو روغن صاف کر لیتے ہیں ۔ صفرادی بخاروں ، نفث الدم اور اندرونی اعضا کے جریان خون اور مرض سل ودق میں بھبھلائے ہوئے کدو کا پانی پلانا بہت نافع ہے۔  رائتہ جو اس سے تیار کرتے ہیں اگر اس میں صرف نمک بقدر ذائقہ ڈالیں اور دوسری گرم وتیز چیزیں نہ ڈالیں تو حرارت جگر اور اسہال کبدی کو بہت نفع دیتا ہے۔ کچا کدومعدہ اور آنتوں کو نہایت مضر ہے ۔

مضر: سرد مزاج کو مضر ہے۔

کیمیائی تجزیه: 100 گرام کدو میں اجزا کا تناسب یہ ہے۔

رطوبات 96.1 فی صد ۔  پروٹین 0.2 فی صد ، چکنائی 5.1 فی صد،  معدنی اجزاء 10.5 فی صد ، جس میں کیلشیم 10 ملی گرام ،  فاسفورس 10 ملی گرام آئرن 1.7 ملی گرام اس کے علاوہ کاربوہائیڈریٹ 2.5 فی صد اور ریشہ دار اجزاء  0.6 فی صد ہے۔

 

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.