ملٹھی ، اصل السوس ، بیخ مہک ، جیٹھی مدھو ، یش ٹی مدھو ، مٹھی کاٹھی ، خوگہ ولے

ملٹھی   :

 

 لاطینی / نباتاتی نام   GLYCYRRHIZA GLABRA LINN

 

(عربی) اصل السوس ۔ (فارسی ) بیخ مہک ۔ ( گجراتی) جیٹھی مدھو۔ ( بنگالی) یش ٹی مدھو ۔ (سندھی) مٹھی کاٹھی ۔ (پشتو) خوگہ ولے۔ (انگریزی) لکورس LIQUORICE۔



 

ایک مفروش نبات سوس کی جڑ ہے جو سطح زمین سے کافی گہری نیچے کی جانب سیدھی چلی جاتی ہے ۔ ان جڑوں کو موسم برسات کے بعد اکٹھا  کرلیتے ہیں اور ان کو لمبے لمبے ٹکڑوں میں کاٹ لیا جاتا ہے۔ اس کی جڑ کو اصل السوس اور عصارہ کو رب السوس کہتے ہیں ۔ اس کا جوہر موثرہ شیریں ذائقہ گلائی کون ہے ۔

 

رنگ: زرد بھوری ۔

 

ذائقہ: شیریں ۔

 

مزاج : گرم خشک 1 ۔

 

مقدار خوراک : 3 گرام تا  6 گرام ۔

 

مصلح: کتیرا وگل سرخ ۔

 

مقام پیدائش :  پشاور ( صوبہ سرحد ) ، عراق  ،  جنوبی یورپ ، پرشین گلف ایشیائے کوچک مصر مونچوریا (چین) میں دریاوں کے کنارے پر مرطوب مقامات میں پیدا ہوتی ہے  ۔ اب فیصل آباد میں بھی اس کی کاشت ہوتی ہے۔ کوکونو ( وسط ایشیا ) کی ملٹھی بہترین سمجھی جاتی ہے ۔

 شناخت عاقرقرحا اور جنگلی کاسنی کی جڑ کسی قدر اس سے مشابہ ہوتی ہے لیکن ان کا ذائقہ شیریں نہیں ہوتا ۔  بعض لالچی دکاندار اس میں گھونگچی کی جڑ بھی ملا دیتے ہیں ۔  لیکن موخر الذکرایسی شیریں نہیں ہوتی ۔

 

افعال و استعمال : مسکن ملین اور مدربول ہے۔ کھانسی کو مفید ، غلیظ اخلاط کو معتدل القوام کرتی ہے۔ پیاس اور سوزش معدہ کو نافع ، پٹھوں کو قوت دیتی ہے ۔ سینہ کے امراض میں فائدہ دیتی ہے۔ حلق کو تر اور نرم کرتی ہے ۔ مخرج بلغم اور محلل وملین ہے ۔ زیادہ تر امراض بلغمی وسوداوی میں منضج کے نسخوں میں استعمال کرتے ہیں ۔ مقشر کرکے استعمال کرنی چاہیے ۔ غیر مقشر ممنوع ہے ۔ کیونکہ سانپ اس پر عاشق ہے ۔ مصر اور ترکی میں ملٹھی کو پانی میں بھگو اورمل چھان کر ماءالسوس (ملٹھی کا پانی ) شربت کی بجاۓ استعمال کیا جاتا ہے۔ موسم گرما میں فرانس سے کئی لوہے کے کارخانوں میں مزدوروں کو یہی سیال پانی کی بجائے پلایا جاتا ہے ، کہتے ہیں کہ اس سے گرمی کی برداشت پیدا ہوجاتی ہے ۔

 

کیمیائی تجزیہ: ملٹھی میں حسب ذیل اجزاء پائے جاتے ہیں ۔

گلیسرہائزین ، ایس پیراگن ، انگوری شکر ، رال کاربو ہائڈریٹ سیلک ایسڈ ہوتے ہیں ۔

 

 

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.