لاطینی/ نباتاتی نام ZANTHOXYLUM ALATUM
(عربی) فاغرہ ۔ (فارسی) کبابہ دہین کشادہ ۔ (پشتو) ڈبزے ۔ ( کاغانی) نمبر ۔ (بنگالی) تھبل ۔ (انگریزی)TOOTHACHE FRUIT ۔
کباب چینی سے بڑا تخم ہے ۔ جو نصف تک پھٹا ہوتا ہے اور اس کے اندر ایک چھوٹا سا گول سیاہ دانہ ہوتا ہے ۔
رنگ: پرانا بھورا، تازہ ہرا ۔
ذائقہ : تند و تیز ۔
مزاج : گرم و خشک بدرجہ دوم ۔
مقدار خوراک: دو گرام سے تین گرام ۔
مصلح: کافور ۔
بدل: کباب چینی ۔
مقام پیدائش: کوہ ہمالیہ ، کاغان ، صوبہ سرحد ، سوڈان ۔
افعال و استعمال: کبابہ خنداں ایک خوشبودار دوا ہے۔ اس کا سونگھنا اور کھانا مقوی قلب و دماغ ہے ۔ سرد معدے اور سرد جگر کو تقویت بخشتا ہے ۔ ہضم کو قوت دیتا ہے ۔ ریاح خارج کرتا ہے ۔ یہ زیادہ تر معدہ اور جگر کے امراض میں مستعمل ہے۔ قابض ہونے کی وجہ سے دستوں کو بند کرنے کے لیے بھی کھلایا جاتا ہے ۔
امراض باردہ دماغی ، ریاح غلیظ اور جنون کے لیے اس کا جوشاندہ پینا مفید ہے - امراض لکنت ، استرخا وغیرہ میں بھی استعمال کرتے ہیں ۔ اور خون کی صفائی کے لیے بھی دیتے ہیں ۔ منہ کی بدبو دور کرنے کے لیے منہ میں رکھ کر چباتے ہیں۔
کیمیائی تجزیہ: معلوم ہوا ہے کہ کبابہ خندان میں ایک روغن پایا جاتا ہے جس کی خوشبو تارپین کے تیل کی مانند ہے۔