گوگل ، بوئے جہوداں ، مقل ارزق ، گگر ، گگو

گوگل  :

 لاطینی/ نباتاتی نام   COMMIPHORA WIGHT II

(فارسی ) بوۓ جہوداں ۔ (عربی) مقل ارزق ۔ (سندھی) گگر ۔ (بنگلہ) گگو۔ (انگریزی) گم گوگل GUM GUGAL۔



ایک درخت کا منجمد گوند ہے جو مرمکی سے مشابہ ہوتا ہے۔ یہ درخت ۴ سے ۶ فٹ تک اونچا ہوتا ہے۔ اس کی شاخوں کا رخ قدرے اوپر کی طرف ہوتا ہے اور ان میں تین تین پتے ایک مقام پر لگے ہوتے ہیں ۔ پتے ماہ اساڑھ میں پانی برسنے پر نکلتے ہیں اور ماہ چیت میں گر جاتے ہیں۔ پھول ماہ اساڑھ میں آتا ہے اور ماہ ساون میں گر جاتا ہے۔ یہ موگرے کے پھول کی طرح ہوتا ہے

رنگ : سیاہ  و سرخ زردی مائل ، پھول بادامی زرد ۔

ذائقہ :  تلخ ۔ گوگل جس قدر پرانا ہوتا ہے اس کی تلخی بڑھ جاتی ہے ۔

مزاج ُ:  گرم ۳ ، خشک ۲ ۔

مقدار خوراک: ایک گرام سے ڈیڑھ گرام تک ۔

مقام پیدائش: راجپوتانہ ، سندھ ، کاٹھیاواڑ ، مشرقی پاکستان اور آسام ۔

مصلح : زعفران ۔

 بدل: صبرزرد ۔

افعال واستعمال: جالی ، ملین ، ملطف ، محلل اورام ہے۔ منضج  و مسہل بلغم ہونے کی وجہ سے اس کو بلغمی و عصبی امراض مثلاََ  لقوہ ، فالج ،  وجع مفاصل ، عرق النساء وغیرہ میں شرباََ وضماداََ برتا جاتا ہے۔

 دھونی کیڑوں مکوڑوں کو بھگاتی ہے۔ بواسیر بادی وخونی خصوصا ریح البواسیر میں بکثرت مستعمل ہے۔ اہل ہنود اسے مذہبی تیوہاروں میں جلاتے ہیں۔ ضماداََ خنازیر ، طاعونی گلٹیوں اور رسولیوں کوتحلیل کرتی ہے اور مرہم رسل کا جزواعظم ہے۔ اگر مقل کو کسی سفوف یا معجون وغیرہ میں شامل کرنا ہو تو اس کو سفوف کرنے کی آسان ترکیب یہ ہے کہ اس کو پینے سے قبل توے یا کڑاہی میں رکھ کر نرم آگ پرمحمص (بریاں ) کرلیا جاۓ ۔ وئیدک طب میں اس کا استعمال بہت ہوتا ہے۔ اور اس سے معجون یوگراج گوگل تیار کی جاتی ہے۔

 

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.