کچلہ ، اذراقی ، حب الغرب ، کجرا ، کچیلہ ، نکس وامیکا

کچلہ  :

 لاطینی/ نباتاتی نام   STRYCHNOS NUX VOMICA LINN




(عربی) اذراقی ۔  (فارسی ) حب الغراب ۔ ( گجراتی ) کجرا۔۔ ( بنگالی) کچیلہ۔  (انگریزی) نکس وامیکا NUX VOMICA۔

گول گول ،  چپٹے نہایت سخت تخم ہیں جو ایک درخت کے نارنج نما پھل کے اندر سے نکلتے ہیں ۔ پھل پکنے پر خود بخود پھٹ جاتا ہے اور بیج زمین پر گر پڑتے ہیں ۔ یہ پھل سیب یا چھوٹے سنگترہ کے برابر ہوتے ہیں ۔ اس کے گودے کے اندر ان بیجوں کی تعداد ایک سے لے کر پانچ تک ہوتی ہے۔ چھلکا سینگ کی طرح مضبوط ہوتا ہے۔ ان میں جوہر کچلہ کی مقدار نصف فی صد تک ہوتی ہے ۔

رنگ: باہر سے خاکستری سیاہی مائل اندر سے سفید ۔

ذائقہ: نہایت تلخ ۔

مقدار خوراك: 50 ملی گرام سے 120 ملی گرام ۔

مقام پیدائش: یہ درخت اڑیسہ ، مان بھوم (بہار) ، مدراس ، کو چین ۔ ٹرانکوور ۔ ساحل کارو منڈل ، مالا بار ( جنوبی ہند ) لنکا اور برما کے جنگلات میں خودرو پیدا ہوتا ہے ۔

مصلح:  شکر لعابات اور ادیان ۔

افعال و استعمال: مقوی معده ، مقوی اعصاب ، محرک نخاع ، مقوی مثانه ، مقوی باہ اورملین ہے۔ اعصابی اور بلغمی امراض مثلاََ لقوه ، فالج ، استرخا ، نقرس، وجع مفاصل ،عرق النساء ، درد کمر ، ضعف معدہ اور نامردی میں بکثرت مستعمل ہے۔  آنتوں کی حرکت اخراجی کو تیز کرکے قبض کو رفع کرتا ہے۔  بڑھاپے میں استرخائے مثانہ کی وجہ سے بار بار پیشاب آنے کے لیے خاص دوا ہے۔ اس کے استعمال سے منشیات شراب ، بھنگ ، چانڈو ، افیون وغیرہ کی عادت چھوٹ جاتی ہے اور تمام طاقتیں بحال ہو جاتی ہیں۔

 محلل ہونے کی وجہ سے طاعون کی گلٹی پر اس کو گھس کر طلا کرتے ہیں نیز بواسیری مسوں پر خارش ہو تو اسے تنہا  ودیگر ادویہ مسکنہ اور رسوت کے ہمراہ سل بٹہ پر گھس کرمسوں پر لگاتے ہیں ۔

معجون لنا اور حب اذراقی اس کے مشہور مرکبات ہیں ۔

 سخت زہریلی دوا ہے اس لیے اس کو مدبر کر کے استعمال کرنا چاہیے۔ کچلہ کو ہفتہ عشرہ تک پانی میں بھگو رکھیں پھر ان کو چھیل کر درمیان سے پتہ نکال دیں اور کپڑے میں پوٹلی باندھ کر شیر گاؤ میں ڈال کر نرم آنچ پر پکائیں۔ اس کے بعد نکال کر گرم پانی سے دھو کر فوراََ باریک  کرلیں۔  یہ دوا جسم میں جمع ہو جاتی ہے ۔ اس لیے اس کو لمبے عرصے تک متواتر استعمال نہ کرنا چاہیے ۔

ایک یا ڈیڑھ گرام کی مقدار میں سم قاتل ہے۔

 کچلہ کے زہر سے منہ کا ذائقہ سخت کڑوا ہوتا ہے اور تھوڑے تھوڑے وقفہ سے تشنج ہوتا ہے اور جسم اکڑ کر جھک جاتا ہے۔  اگر غلطی سے زیادہ مقدار کھائی گئی ہو تو فوراََ کوئی مقئی دوا  دے کر قے کرائیں پھر پوٹاشیم برومائیڈ ایک ڈرام  ایک  گلاس پانی میں ملا کر پلا دیں۔ اگر دم بند ہونے لگے تو مصنوعی تنفس جاری کریں۔

 (سم قاتل )

کیمیائی تجزیه: کچلہ میں حسب ذیل اجزاء  سٹرکنین، بروسین پائے گئے ہیں ۔

مشہور مرکبات : حب اذراقی ، معجون اذراقی ، معجون لنا ۔ 

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.