کیتھ ، کوتھا ، کٹ بیل ، کویٹ پانا

کیتھ   :

 (اردو) کیتھ ۔ ( گجراتی ) کوتھا ۔ ( بنگالی) کٹ بیل ۔ (مرہٹی)  کویٹ پانا۔  (انگریزی) وڈایپل WOOD APPLE ۔




یہ قد آور درخت ہے۔ اس کے تنے اور شاخوں پر موٹے ، مضبوط اور لمبے کانٹے ہوتے ہیں ۔ شاخیں بکثرت ، پتے گنجان ، جن کی شکل مہندی کے پتوں سے ملتی جلتی ہے، مگر ان سے سخت اور دبیز ہوتے ہیں ۔اس کے پھول ہلکے لال رنگ کے ہوتے ہیں ۔اس کا پھل جس کے نام سے درخت کا نام مشہور ہے گول اور بالکل گیند جیسا ہوتا ہے جس کے اندر مغز اور بیج خوب بھرے ہوتے ہیں ۔ پھل کا گودا بہت کھٹا ہوتا ہے۔ پھل کے گودے میں سٹرک ایسڈ اور لیس دار مادہ کی کثیر مقدار پائی جاتی ہے۔

رنگ: سفید جس میں خفیف سی سبزی کی جھلک ہوتی ہے۔

ذائقہ: پکا  کویٹ بہت لذیذ اور خوشبودار ہوتا ہے ۔

مزاج : پختہ کویٹ سرد و خشک بدرجہ دوم ۔

مقام پیدائش: جموں ، دہلی ، یوپی، مدراس ، لنکا ۔

افعال و استعمال: اس کا مغز صفرا کے غلبہ کو  دور کرتا ہے۔ پیاس کی شدت کو تسکین دیتا ہے۔ بھوک بڑھاتا ہے اور منہ کی بدبو دور کرتا ہے گو دیر ہضم ہے۔ لنکا کے باشندے اس پھل کو بہت رغبت سے کھاتے ہیں۔ کچے پھل کے گودہ میں چینی ملا کر شربت بھی تیار کیا جا تا ہے جو بخار کی حالت میں پیاس بجھانے کے لیے مفید ہے۔ کچا پھل قابض ہے۔

 اس کو تنہا یا بلیگری وغیرہ کے ساتھ اسہال و پیچش میں استعمال کرتے ہیں ۔ اس کی ٹہنی کاٹنے سے ایک شفاف بے بو گوند دار مادہ نکلتا ہے جو صمغ عربی سے مشابہ ہوتا ہے اسے کٹ بیل کی گوند کہتے ہیں۔ اس کا سفوف بھی شہد میں ملا کر اسہال و پیچش میں دیا جا تا ہے۔اس کے تنے کی چھال کا تازہ شیرہ نکال کر 48 ملی لیٹر لے کر اس میں سات دانہ کالی مرچ اورسات قطرہ گاۓ کا گھی ٹپکا کر پلانا زچہ کو بچہ جننے کے بعد زچگی کے عوارضات سے محفوظ رکھتا ہے۔

اس کے پتوں کے رس میں تھوڑا سا سفید زیرہ اور شکر ملا کر پلانا پتی اچھلنے میں بہت مفید ہے اس کی لکڑی بطور مسواک استعمال کرنا مسوڑوں کو مضبوط کرتا ہے۔

(غیرسمی)

 

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.