کندر ، کندرو گوند ، سلائی کا گوند ، دھوپ گگلی

کندر  :

 لاطینی نباتاتی نام   BOSWELLIA GLABRA

(عربی) کندر ۔ (فارسی)  کندر ۔ ( مارواڑی) کندرو گوند ۔ (ہندی) سلائی کا گوند ۔  ( بنگالی)  کندرو۔ ( گجراتی) دھوپ گگلی ۔ (انگریزی) اولی بینزون OLI BENZOIN ۔




ایک خار دار درخت کا گوند ہے۔  یہ جتنا پرانا پڑتا ہے سرخ ہو جاتا ہے، بہتر وہ ہے جو تازہ اور نرم ہو اور اوپر سے سفید اور زرد  ہو ۔ خالص ہونے کی یہ بیان ہے کہ آگ پر جلد مشتعل ہو جائے ۔ اس کے پتے نیم کے پتوں جیسے ٹہنیوں کے سروں پر گچھوں کی شکل میں لگتے ہیں ۔ اس کے پتے ماہ مارچ اپریل میں جڑ جاتے ہیں اور پھول سرخ رنگ لیے ہوئے اس وقت نکلتے ہیں جب درخت پر کوئی پتا نہیں ہوتا ۔

رنگ: زرد ، سرخ ،  سفید ۔

ذائقه : خوشبودار قدرے تلخ ۔

مزاج: گرم ۲۔ خشک ۱۔

 مقدار خوراک: ایک گرام سے دو گرام تک ۔

مقام پیدائش: وسط ہند کا پہاڑی علاقہ ۔ شاہ آباد میں بکثرت ہے ۔

افعال و استعمال: اطبائے متقدمین اس کو ملطف و ملین اور مقوی باہ قرار دیتے تھے لیکن اب اسے بطور مقر ح ، مدرحیض اور مسقط جنین استعمال کیا جاتا ہے۔  احتباس حیض ، عسر الطمث ، کثرت بول ، وجع المفاصل ، خنازیر اور عصبی بیماریوں میں مفید ہے ۔  اگر اس کو بمقدارتین گرام عرصہ تک کھائیں تو موٹاپا دور کر دیتی ہے۔  نسیان میں مفید ہے ۔ مثانہ کو طاقت دیتی ہے۔ دستوں کو روکتی ہے ۔ روح نفسانی وحیوانی کو تقویت دیتی ہے ۔ گوند کیکر کے ہمراہ ملا کر چوسنے سے منہ کی بدبو زائل کرتی ہے ۔ اکتحالاََ شہد کے ساتھ آنکھ کے زخم ، ناخنہ ، دمعہ ، جالا اور دھند کو مفید ہے۔

 ذرور اس کا مندمل جراحات ہے۔ قابض ہونے کی وجہ سے اس کا مرہم  بدھ اور مردار ہڈیوں پر لگاتے ہیں ۔ روغن ناریل کے ساتھ رگڑ کر لگانے سے خراب زخموں کو درست کرتی ہے ۔ ایتھر اور کلوروفارم میں حل ہوجاتی ہے۔ اسپرٹ میں بہت کم حل ہوتی ہے ۔ معجون کندر اس کا مشہور مرکب ہے۔ قوت اس کی بیس برس تک رہتی ہے ۔  کندر کو معجونوں میں کسی عرق میں گھول کر اور مرہموں میں سرکے میں بھگو کر ڈالنا چاہیے۔  کیونکہ تازہ کندر پس نہیں سکتا اس لیے اس کی بجاۓ اکثر قشار کندر استعمال کیا جاتا ہے ۔ اس کے باریک چوڑے پوست کو جو آپس میں رگڑ کھانے سے جدا ہو گیا ہو قشار کندر اور غبار کود قاف کندر کہتے ہیں ۔

 دہکتے ہوۓ کوئلوں پر کندر ڈال کر اوپر ایک طشت معلق کر دیں تا کہ دھواں اس پر لگے اسے دخان کندر کہتے ہیں ۔ یہ بال پیدا کرنے کی ادویہ میں مستعمل ہے ۔

(غیرسمی )

 

 

Tags

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.